مقامی ۳۰ ستمبر ۲۰۲۶

نیو لیبر کالونی کے 70 سرکاری فلیٹس غیر مجاز قابضین سے واگزار

کوئٹہ(ویب نیوز) محکمہ محنت و افرادی قوت بلوچستان نے وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی، چیف سیکریٹری شکیل قادر خان اور سیکریٹری محنت و افرادی قوت صالح محمد ناصر کی ہدایات پر ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے تعاون سے نیو لیبر کالونی عبدالخالق روڈ نواں کلی میں غیر مجاز قابضین کے خلاف آپریشن شروع کردیا، جس کے دوران 84 میں سے 70 سرکاری فلیٹس واگزار کرا لیے گئے، جبکہ 14 فلیٹس کو عدالت کے حکم امتناعی کے باعث 6 اکتوبر تک کارروائی سے مستثنیٰ رکھا گیا ہے۔ ورکرز ویلفیئر بورڈ بلوچستان کے اسٹیٹ آفس کی نگرانی میں ہونے والے آپریشن میں محکمہ محنت، ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے اہلکاروں نے حصہ لیا۔ واضح رہے کہ نیو لیبر کالونی میں 17 ٹاورز پر مشتمل 204 فلیٹس 2017 میں مزدوروں اور محنت کشوں کی رہائش کے لیے تعمیر کیے گئے تھے، تاہم 2021 کے سیلاب کے بعد متاثرین کو عارضی رہائش دینے کے نتیجے میں بعض افراد نے فلیٹس پر غیر مجاز قبضہ برقرار رکھا۔ محکمہ محنت کے مطابق آپریشن کا مقصد سرکاری رہائشی اثاثوں کو واگزار کرا کے انہیں مقررہ پالیسی کے تحت مزدوروں اور محنت کشوں کی فلاح و رہائش کے لیے استعمال کرنا ہے۔