کوئٹہ (روزنامہ صداقت انٹرنیشنل) نوشکی کے علاقے احمدوال میں 8 سالہ بچی سے مبینہ زیادتی اور تشدد کا افسوسناک واقعہ پیش آیا، جس کے بعد اہلخانہ بچی کو علاج اور طبی معائنے کے لیے سول ہسپتال کوئٹہ لے آئے۔ پولیس کے مطابق واقعے کی اطلاع ملنے پر اہلخانہ کی درخواست پر نوشکی پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔ اہلخانہ کے مطابق سول ہسپتال کوئٹہ میں ڈاکٹروں کی نگرانی میں بچی کا طبی معائنہ اور ضروری قانونی کارروائی جاری ہے جبکہ ہسپتال انتظامیہ اور ڈاکٹرز مکمل تعاون کر رہے ہیں۔ اہلخانہ نے وزیراعلیٰ بلوچستان اور دیگر اعلیٰ حکام سے انصاف کی اپیل کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ مبینہ زیادتی اور تشدد میں ملوث افراد کو فوری گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔ اہلخانہ کا کہنا ہے کہ واقعے کی شفاف اور غیر جانب دارانہ تحقیقات کرکے ذمہ دار افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے تاکہ متاثرہ خاندان کو انصاف فراہم کیا جاسکے۔
