کوئٹہ (ویب نیوز) سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان اور رکن صوبائی اسمبلی کی خصوصی دلچسپی اور معاونت سے مستونگ سب کیمپس کے ڈائریکٹر محمد اقبال ترین نے سیکرٹری کالجز، ہائر اینڈ ٹیکنیکل ایجوکیشن بلوچستان سے اہم ملاقات کی، جس میں تعلیمی ادارے کی توسیع، ترقیاتی منصوبوں اور مستقبل کے تعلیمی ڈھانچے پر تفصیلی غور کیا گیا۔ملاقات میں ضلع مستونگ کے علاقے رنجا ڈوری میں الاٹ شدہ 50 ایکڑ اراضی پر مجوزہ تعمیراتی منصوبے، پی سی ون، کانسیپٹ پیپر اور ترقیاتی روڈ میپ کا جائزہ لیا گیا۔ ڈائریکٹر کیمپس نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ جدید تقاضوں کے مطابق ایک مکمل تعلیمی کیمپس قائم کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے جو خطے میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔ اجلاس میں طلبہ کے لیے ٹرانسپورٹ، صاف پانی، سیکیورٹی، کلاس رومز کی کمی اور جدید تعلیمی سہولیات کی فراہمی جیسے مسائل پر بھی غور کیا گیا۔ اس موقع پر ڈیجیٹل لرننگ، اسمارٹ کلاس رومز اور کمپیوٹر لیبز کو منصوبے کا حصہ بنانے پر اتفاق کیا گیا۔نواب اسلم رئیسانی نے کہا کہ مستونگ کے نوجوانوں کو معیاری تعلیم فراہم کرنا ان کی اولین ترجیح ہے اور وہ اس منصوبے کی جلد منظوری اور عملی آغاز کے لیے وفاقی سطح پر بھی رابطے کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ جلد چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن اور متعلقہ وفاقی حکام سے ملاقات کریں گے تاکہ منصوبے کے لیے ضروری تعاون حاصل کیا جا سکے۔
