مقامی ۲۹ جولائی ۲۰۲۶

نرسنگ داخلہ ٹیسٹ کوئٹہ کے بجائے خضدار میں لیا جائے، جہلاوان ایکشن کمیٹی کا مطالبہ

خضدار(ویب نیوز) جہلاوان ایکشن کمیٹی نے وزیراعلیٰ بلوچستان، چیف سیکریٹری، محکمہ صحت بلوچستان اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ نرسنگ داخلہ ٹیسٹ کوئٹہ کے بجائے خضدار میں منعقد کیا جائے تاکہ خضدار، جہلاوان اور ملحقہ علاقوں کے ہزاروں طلبہ کو طویل سفر، اضافی اخراجات اور دیگر مشکلات سے بچایا جا سکے۔ کمیٹی کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ کے انعقاد کے لیے صرف چند سرکاری اہلکاروں کی موجودگی کافی ہوتی ہے، جبکہ ہزاروں طلبہ کو امتحان دینے کے لیے کوئٹہ کا طویل سفر کرنا پڑتا ہے، جو موجودہ مہنگائی، سفری و رہائشی اخراجات اور موجودہ حالات کے باعث بیشتر خاندانوں کے لیے ایک بڑا بوجھ بن چکا ہے۔ کمیٹی نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ طلبہ کی مالی اور سفری مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے نرسنگ داخلہ ٹیسٹ خضدار میں منعقد کیا جائے تاکہ تمام امیدواروں کو یکساں اور آسان مواقع میسر آ سکیں۔