پاکستان کرکٹ ٹیم جب میدان میں کامیابی حاصل کرتی ہے تو پوری قوم کی آنکھوں کا تارا بن جاتی ہے، لیکن شکست کی صورت میں یہی ٹیم تنقید کی زد میں آجاتی ہے اور کھلاڑیوں کی کھیل سے زیادہ ان کی زبان، نسل، علاقے اور بعض اوقات مذہب تک کو موضوعِ بحث بنا دیا جاتا ہے۔ یہ رویہ اس وقت مزید تشویش ناک ہوجاتا ہے جب ٹیم کے انتخاب کے بارے میں بھی ایسے سوالات اٹھیں کہ فیصلے صرف کارکردگی کی بنیاد پر نہیں کیے گئے۔ قومی ٹیم کسی فرد، علاقے، زبان یا گروہ کی نہیں بلکہ پورے پاکستان کی نمائندہ ہے، اس لیے اس میں شمولیت کا واحد معیار صلاحیت، کارکردگی، فٹنس اور ٹیم کی ضرورت ہونا چاہیے۔ درحقیقت جب ٹیم کے اندر سازشیں نہیں چل رہیں ہوتیں، کھلاڑی ایک دوسرے کے لیے کھیل رہے ہوتے ہیں اور گروپ بندی سے بالاتر ہوکر قومی پرچم کو ترجیح دی جاتی ہے تو کامیابی ان کے قدم چومتی ہے، لیکن جب نفرتیں، حسد، ذاتی مفادات اور گروپ بندی جگہ بنا لیں تو پھر میدان میں شکست مقدر بنتی دکھائی دیتی ہے۔ کھیل میں اتحاد صرف ایک اخلاقی قدر نہیں بلکہ کامیابی کی بنیادی ضرورت بھی ہے۔
حالیہ دورۂ انگلینڈ میں ابتدائی دو ٹیسٹ میچوں میں شکست کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے ٹیسٹ اسکواڈ میں سات کھلاڑیوں کو ریلیز کرکے ان کی جگہ سات متبادل کھلاڑیوں کو شامل کرنا ایک اہم اور قابلِ توجہ فیصلہ ہے۔ ان متبادل کھلاڑیوں میں پانچ ایسے ہیں جنہیں ابھی ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے کا موقع نہیں ملا۔ بلاشبہ ایسے فیصلے کی ضرورت بہت پہلے محسوس کی جارہی تھی، تاہم دیر آید درست آید۔ اگر قومی ٹیم میں جگہ کارکردگی سے مشروط کردی جائے اور ناقص کارکردگی کے باوجود کسی کھلاڑی کو مستقل جگہ ملنے کا تصور ختم ہوجائے تو اس کے اثرات صرف موجودہ ٹیم تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ پورے ملکی کرکٹ نظام پر پڑیں گے۔ کھلاڑی جانیں گے کہ قومی ٹیم کی شرٹ عزت ضرور ہے لیکن اس کے ساتھ ذمہ داری بھی ہے اور مسلسل ناقص کارکردگی کی صورت میں انہیں اپنی جگہ سے محروم ہونا پڑ سکتا ہے۔ یہی احساس کھلاڑیوں میں صحت مند مقابلے کو جنم دے گا اور ٹیم کے اندر میرٹ اور کارکردگی کی اہمیت کو بحال کرے گا۔
اس فیصلے کا سب سے بڑا فائدہ پاکستان کے ان نوجوان اور باصلاحیت کھلاڑیوں کو ہوگا جو برسوں سے اپنی کارکردگی کے ذریعے قومی ٹیم کے دروازے پر دستک دے رہے ہیں۔ جب انہیں یہ یقین ہوگا کہ کسی سفارش، تعلق، زبان، علاقے یا نام کے بجائے میدان میں دکھائی جانے والی کارکردگی انہیں قومی ٹیم تک پہنچا سکتی ہے تو ان میں محنت اور مقابلے کا جذبہ مزید بڑھے گا۔ پی سی بی کو چاہیے کہ اس فیصلے کو وقتی اقدام نہ بنائے بلکہ میرٹ، شفافیت اور احتساب کو قومی انتخابی نظام کا مستقل اصول بنائے۔ ٹیم میں صحت مند مسابقت پیدا ہوگی، نئے کھلاڑی سامنے آئیں گے اور کھیل کا معیار بلند ہوگا۔ سب سے بڑھ کر یہ کہ کھلاڑیوں کو یہ احساس ہونا چاہیے کہ وہ ایک دوسرے کے حریف ضرور ہیں لیکن ایک ہی قومی پرچم کے سپاہی ہیں۔ ذاتی اختلافات، حسد، نفرت اور گروپ بندی اگر ٹیم پر غالب آگئی تو بہترین صلاحیتیں بھی کامیابی نہیں دلا سکتیں۔ قومی کرکٹ کو مضبوط بنانے کا راستہ یہی ہے کہ کھلاڑی اپنے نام یا پس منظر کے نہیں بلکہ اپنی کارکردگی کے بل پر قومی ٹیم میں جگہ بنائیں، متحد ہوکر ملک کے لیے کھیلیں اور ہر میچ میں ذاتی مفاد سے بالاتر ہوکر قومی وقار کو مقدم رکھیں۔
