ریاض (ویب نیوز) سعودی عرب، پاکستان اور ترکیہ کے درمیان مکہ اتحاد برائے دفاع کی اسٹریٹجک، سیاسی اور دفاعی کمیٹی کا ہنگامی اجلاس ریاض میں ہوا، جس میں سعودی عرب کو درپیش سیکیورٹی صورتحال اور خطرات کا جائزہ لیا گیا۔ مشترکہ اعلامیے کے مطابق کمیٹی نے پاکستان کے لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ نعمان محمود کو تین سال کے لیے مکہ اتحاد برائے دفاع کا پہلا سیکریٹری جنرل مقرر کردیا۔ اجلاس میں مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کو نشانہ بنانے کی کوششوں اور سعودی شہروں، شہریوں اور معاشی تنصیبات پر حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے سعودی عرب کی سلامتی اور علاقائی سالمیت کے خلاف کسی بھی حملے یا خطرے کو مسترد کیا گیا۔ پاکستان اور ترکیہ نے سعودی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیت اور تیاری کو سراہا۔ کمیٹی نے اجتماعی دفاع کے وعدوں پر فوری عملی اقدامات شروع کرنے اور طے شدہ فوجی دستے و دفاعی صلاحیتیں سعودی عرب میں تعینات کرنے کے لیے ضروری اقدامات کی منظوری دی۔ اعلامیے کے مطابق ان فوجی دستوں اور دفاعی صلاحیتوں کی تیز رفتار تعیناتی تینوں ممالک کے منظور شدہ انتظامات اور قومی قوانین کے مطابق ہوگی، جس کا مقصد دفاعی تیاری، عسکری انضمام اور مشترکہ طور پر خطرات کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت کو مزید مضبوط بنانا ہے۔
