مقامی ۴ اگست ۲۰۲۶

موسیٰ خیل کی حدود میں ردوبدل عوام کی مرضی کے بغیر قبول نہیں، عبدالرحیم زیارتوال سے وفد کی ملاقات

کوئٹہ (ویب نیوز): پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری عبدالرحیم زیارتوال سے سابق صوبائی وزیر اور جمعیت علماء اسلام کے رہنما مولوی سرور موسیٰ خیل کی قیادت میں ضلع موسیٰ خیل کی نمائندہ سیاسی، سماجی اور قبائلی شخصیات پر مشتمل وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں ضلع موسیٰ خیل کی جغرافیائی حدود میں عوام کی مرضی کے بغیر تبدیلی کی شدید مخالفت کرتے ہوئے کہا گیا کہ یونین کونسل اندرپوڑ اور راڑاشم تاریخی طور پر موسیٰ خیل کا حصہ ہیں اور انہیں ضلع بارکھان میں شامل کرنے کا فیصلہ ناقابل قبول ہے۔ رہنماؤں نے مؤقف اختیار کیا کہ حکومت پشتون تاریخ، جغرافیہ اور عوامی رائے کو نظرانداز کرکے غیرمنصفانہ انتظامی تبدیلیاں مسلط کر رہی ہے، جس کی کسی صورت اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ضلع موسیٰ خیل کی حدود میں ردوبدل کا فیصلہ فوری طور پر واپس لیا جائے اور عوام کو مزید مشکلات سے دوچار نہ کیا جائے۔