کوئٹہ (صداقت نیوز)سابق سیکریٹری پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن بلوچستان پروفیسر مصطفیٰ وردگ نے کہا ہے کہ ملک میں بڑھتی ہوئی غذائی قلت، مہنگائی اور صحت کے بحران نے تشویشناک صورتحال اختیار کر لی ہے اور اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو یہ ایک بڑے انسانی المیے کی صورت اختیار کر سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان، سندھ اور خیبرپشتونخوا کے متعدد اضلاع میں لاکھوں بچے خوراک کی کمی کا شکار ہیں جبکہ بڑی تعداد میں حاملہ خواتین بھی متاثر ہو رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت فوری طور پر غذائی معاونت، دیہی و دوردراز علاقوں میں طبی سہولیات، غذائیت بہتر بنانے کے منصوبوں اور کمزور طبقات کے لیے امدادی نظام کو مؤثر بنائے تاکہ آنے والی نسلوں کی صحت، معیشت اور قومی مستقبل کو خطرات سے بچایا جا سکے۔
