کابل (ویب نیوز) افغانستان کے وزیر خارجہ مولوی امیر خان متقی نے روسی وزیراعظم کے نائب الیکسی اوورچوک سے ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان سیاسی مفاہمت کے ساتھ اقتصادی، تجارتی، ٹرانزٹ اور توانائی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور دیا۔ متقی نے کہا کہ موجودہ سیاسی مفاہمت کو عملی اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کیا جانا چاہیے، جبکہ تجارت، علاقائی رابطوں، روسی سرمایہ کاری، توانائی، کان کنی اور بینکاری و ادائیگیوں کے شعبوں میں سہولیات پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔ روسی نائب وزیراعظم نے عملی اقتصادی تعاون کے لیے سازگار حالات کا ذکر کرتے ہوئے ٹرانزٹ، ٹرانسپورٹ اور توانائی سمیت مختلف شعبوں میں افغانستان کے ساتھ تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔
