کوئٹہ (ویب نیوز) قازقستان، ازبکستان اور متحدہ عرب امارات نے افغانستان کے راستے پاکستان کی بندرگاہوں تک ریلوے رابطہ قائم کرنے کے منصوبے پر تعاون کے لیے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔ قازقستان اور ازبکستان کی وزارتِ ٹرانسپورٹ جبکہ متحدہ عرب امارات کی وزارتِ توانائی و انفراسٹرکچر کے درمیان طے پانے والی یادداشت کے تحت وسطی ایشیا۔جنوبی ایشیا (کاسا) ریلوے راہداری کی تکنیکی اور اقتصادی فزیبلٹی کا جائزہ لیا جائے گا اور منصوبے کے مالی و تکنیکی امور کے لیے مشترکہ ورکنگ گروپ تشکیل دیا جائے گا۔ مجوزہ ریلوے راستہ ازبکستان اور افغانستان سے ہوتا ہوا پاکستان کی کراچی اور گوادر بندرگاہوں تک پہنچے گا، جبکہ قازقستانی حکام کے مطابق اس راہداری سے سالانہ 10 ملین ٹن تک سامان منتقل کرنے کی گنجائش پیدا ہوسکتی ہے۔
