تل ابیب (ویب نیوز) دبئی سے تل ابیب جانے والی فلائی دبئی کی پرواز ایف زیڈ 1073 میں دورانِ پرواز دونوں پائلٹس کے درمیان شدید جھگڑے کے بعد طیارے نے سعودی عرب کے شہر تبوک میں ہنگامی لینڈنگ کی۔ اسرائیلی حکام کے مطابق شریک پائلٹ نے مبینہ طور پر کپتان پر چاقو سے حملہ کیا اور طیارے کو خطرے میں ڈالنے کی کوشش کی، جس کے بعد مسافروں اور عملے کے بعض ارکان نے کاک پٹ میں داخل ہوکر حملہ آور پائلٹ کو قابو کیا۔ طیارے میں 172 افراد سوار تھے، جن میں 169 اسرائیلی شہری تھے۔ بعد ازاں طیارے میں موجود اضافی فلائی دبئی عملے نے کنٹرول سنبھال کر طیارے کو تبوک ایئرپورٹ پر بحفاظت اتارا، جہاں دونوں زخمی پائلٹس کو اسپتال منتقل کیا گیا۔ اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے مسافروں سے ملاقات کے دوران ان کی کارروائی کو سراہا، جبکہ سعودی حکام نے مبینہ حملہ آور شریک پائلٹ کو گرفتار کرلیا ہے۔ فلائی دبئی نے کہا ہے کہ واقعے کی وجوہات ابھی واضح نہیں اور قبل از وقت قیاس آرائی سے گریز کیا جائے۔
