دی ہیگ (ویب نیوز) عالمی فوجداری عدالت نے طالبان کے سپریم لیڈر ہیبت اللہ اخوندزادہ اور چیف جسٹس عبدالحکیم حقانی سمیت چار افراد کے گرفتاری وارنٹس منظر عام پر لانے کا حکم دے دیا۔ عدالت کے مطابق دیگر دو افراد حبیب اللہ آغا اور ندا محمد ندیم کے وارنٹس بھی ظاہر کیے گئے ہیں۔ عدالت نے کہا کہ چاروں افراد کے خلاف انسانیت کے خلاف جرائم، بالخصوص ظلم و ستم کا حکم دینے، اس پر اکسانے یا اسے بھڑکانے میں مجرمانہ ذمہ داری کے حوالے سے معقول بنیادیں موجود ہیں۔ آئی سی سی کے مطابق طالبان رہنماؤں پر صنفی اور سیاسی بنیادوں پر ظلم و ستم کے الزامات ہیں، جبکہ خواتین اور لڑکیوں کو تعلیم، نقل و حرکت، اظہارِ رائے اور خاندانی زندگی سمیت بنیادی حقوق اور آزادیوں سے منظم طور پر محروم کرنے کے شواہد موجود ہیں۔ عدالت کے مطابق وارنٹس کو منظر عام پر لانے کا مقصد مزید جرائم کی روک تھام اور عالمی تعاون کو فروغ دینا ہے۔
