مقامی ۳ مئی ۲۰۲۶

سوشل میڈیا پر ہسپتالوں کے خلاف من گھڑت بیانات ہے ‘مجیب الرحمن پانیزئی

کوئٹہ(اے این این) شیخ خلیفہ بن زاید ہسپتال سریاب میں پیش آنے والے واقعے سے متعلق سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی معلومات حقائق کے برعکس ہیں اس حوالے سے سیکریٹری صحت بلوچستان مجیب الرحمن نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ آج صبح جب انہیں سامان کی منتقلی سے متعلق اطلاعات موصول ہوئیں تو انہوں نے فوری طور پر معاملے کی تفصیل حاصل کی سامان کی منتقلی کے حوالے سے بھی سیکرٹری ہیلتھ نے واضح کیا کہ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں باقاعدہ منظوری کے بعد شیخ زاید ہسپتال میں موجود کارڈیک ایکوپمنٹ کو عارضی طور پر بی آئی سی وی ڈی منتقل کیا جا رہا ہے، جبکہ بی آئی سی وی ڈی کے لیے نئے اور جدید آلات کی خریداری مکمل ہو چکی ہے جن کی ڈلیوری آئندہ دو سے تین ماہ میں متوقع ہے۔ نئے ایکوپمنٹ کی آمد کے بعد انہیں دوبارہ شیخ زاید ہسپتال میں نصب کر دیا جائے گا تاکہ وہاں کارڈیک سہولیات کا تسلسل برقرار رہے اور عوام کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو حال ہی میں سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی غلط فہمیوں اور گمراہ کن پروپیگنڈے کے برعکس، کسی بھی ہسپتال سے سہولیات ختم نہیں کی جا رہیں بلکہ وقتی طور پر وسائل کی بہتر تقسیم کے ذریعے مزید ہسپتالوں کو فعال بنایا جا رہا ہے تاکہ عوام کو اپنے ہی علاقوں میں علاج میسر آ سکے۔ یہ اقدامات عوام کی سہولت، وقت کی بچت اور بہتر طبی خدمات کی فراہمی کے لیے کیے جا رہے ہیں ہم میڈیا اور عوام سے گزارش کرتے ہیں کہ حقائق کو سمجھیں اور مثبت پیش رفت کو سراہتے ہوئے غلط معلومات کے پھیلاؤ سے گریز کریں۔سیکرٹری صحت کے مطابق شیخ خلیفہ بن زاید ہسپتال ماضی میں غیر فعال تھا، تاہم موجودہ حکومت نے اس پر خصوصی توجہ دیتے ہوئے اسے مکمل طور پر فعال بنایا ہے ہسپتال میں ایمرجنسی، گائنی، سرجری سمیت 24 گھنٹے طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، جبکہ ایم آر آئی، سی ٹی اسکین، الٹراساؤنڈ اور دیگر جدید سہولیات بھی فعال کی گئی ہیں مجیب الرحمن نے کہا کہ بغیر تصدیق کے ویڈیوز بنا کر غلط معلومات پھیلانا عوام میں بے چینی اور غلط فہمیاں پیدا کرتا ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ کسی بھی خبر کو پھیلانے سے پہلے اس کی حقیقت ضرور جانچیں انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت صحت کے شعبے کی بہتری کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے اور صوبے بھر میں جدید طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔