تازہ ترین ۴ اکتوبر ۲۰۲۶

سعودی عرب کا حوثیوں کے خلاف بڑے آپریشن کا منصوبہ، ایک لاکھ سے زائد یمنی اہلکار شامل ہوسکتے ہیں

کوئٹہ (ویب نیوز) سعودی عرب نے یمن میں حوثی فورسز کے خلاف ممکنہ بڑے فوجی آپریشن کی تیاری شروع کردی ہے، جس میں آپریشن کے حجم کے مطابق ایک لاکھ سے زائد یمنی سرکاری فوجی اور حکومت نواز جنگجو شامل ہوسکتے ہیں۔ رائٹرز کے مطابق سعودی نگرانی میں یمنی فورسز زمینی کارروائی کی قیادت کریں گی جبکہ سعودی فضائیہ انہیں فضائی مدد فراہم کرے گی۔ ذرائع کے مطابق سعودی عرب کے سامنے دو اہم آپشنز زیرِ غور ہیں، جن میں پہلا آپشن آبنائے باب المندب کے اطراف محدود کارروائی کے ذریعے اہم بحری گزرگاہ کا کنٹرول دوبارہ حاصل کرنا، جبکہ دوسرا البیضا، مارب، تعز اور الجوف سمیت یمن کے مختلف محاذوں پر مربوط حملے کرنا ہے۔ سعودی اتحادی ممالک کو براہِ راست جنگی کارروائی میں شامل ہونے کی توقع نہیں، تاہم امریکا سعودی کارروائیوں کے لیے انٹیلی جنس معاونت فراہم کررہا ہے۔ ذرائع کے مطابق آپریشن آئندہ چند ہفتوں میں شروع ہوسکتا ہے، تاہم اس کے حتمی وقت کا تعین نہیں ہوا اور اس حوالے سے مختلف امکانات زیرِ غور ہیں، جن میں نومبر کے اوائل میں ہونے والے امریکی وسط مدتی انتخابات کے بعد کارروائی کا آغاز بھی شامل ہے۔