تازہ ترین ۳۰ جون ۲۰۲۶

جنگ بندی کے بعد اسرائیلی حملوں میں ایک ہزار فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، اقوامِ متحدہ

نیویارک (ویب نیوز)اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیرس نے کہا ہے کہ غزہ میں جنگ بندی کے آغاز کے بعد سے اسرائیلی فوجی حملوں میں ایک ہزار فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔ عرب میڈیا کے مطابق انہوں نے نیویارک میں اپنے بیان میں کہا کہ غزہ میں انسانی زندگی کے حالات انتہائی سنگین ہیں، جہاں عوام نہ پھٹنے والے بارودی مواد، وبائی امراض اور بڑے پیمانے پر نقل مکانی جیسے سنگین مسائل کا سامنا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مغربی کنارے میں فلسطینی آبادکاروں کے تشدد، اسرائیلی بستیوں کی توسیع اور ممکنہ الحاق کے بڑھتے ہوئے خطرات سے دوچار ہیں۔ انتونیو گوتیرس نے زور دیا کہ مغربی کنارے کی زمینوں کا ناجائز الحاق بین الاقوامی قانون کی کھلی خلاف ورزی ہوگا، جبکہ مشرقی بیت المقدس میں اقوامِ متحدہ کے امدادی ادارے انروا کے دفتر پر قبضہ غیرقانونی اور ناقابلِ قبول اقدام ہے۔