کوئٹہ(ویب نیوز) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے وفاقی وزیر ریلویز حنیف عباسی کے ہمراہ کوئٹہ میں جناح پیپلز میٹرو ٹرین سروس کا باضابطہ افتتاح کردیا اور اعلان کیا کہ بزرگ شہریوں اور خصوصی افراد کے لیے سفر مکمل طور پر مفت ہوگا جبکہ دیگر شہریوں کے لیے کرایے رعایتی اور سبسڈائزڈ رکھے جائیں گے۔ افتتاحی تقریب میں منصوبے کی تختی کی نقاب کشائی اور میٹرو ٹرین کے پہلے آزمائشی سفر میں شرکت کی گئی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ یہ بلوچستان کی پہلی میٹرو ٹرین سروس ہے جس کا مقصد شہریوں، مزدوروں، طلبہ اور دیگر افراد کو محفوظ، آرام دہ اور کم لاگت سفری سہولت فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت سروس کو مستقبل میں دو ٹرینوں تک وسعت دے گی، جبکہ پشین، بوستان اور مستونگ تک توسیع کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ابتدائی طور پر چین سے انجن اور بوگیاں درآمد کرنے کی تجویز پر 50 سے 60 ارب روپے لاگت اور تین سے چار سال کا عرصہ درکار تھا، تاہم پاکستان ریلویز سے انجن اور بوگیاں تیار کرانے کے فیصلے سے وقت اور وسائل کی بچت ہوئی۔ میر سرفراز بگٹی نے منصوبے میں تعاون پر وفاقی حکومت، پاکستان ریلویز، فرنٹیئر کور بلوچستان اور دیگر اداروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے عوام امن، ترقی اور خوشحالی چاہتے ہیں اور مذاکرات کے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں، تاہم ریاست کے خلاف طاقت کے استعمال کے ذریعے کسی نظریے کو مسلط کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔
