مقامی ۲۹ جولائی ۲۰۲۶

بلوچستان میں پولیس کے وسیع آپریشن، 107 ملزمان گرفتار، اسلحہ اور منشیات برآمد

کوئٹہ(ویب نیوز) بلوچستان پولیس کے ترجمان نے بتایا ہے کہ صوبے بھر میں اشتہاری، مفرور اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف خصوصی کارروائیوں کے دوران گزشتہ تین ہفتوں میں 107 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جن کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور منشیات برآمد کی گئی ہیں۔ پولیس کے مطابق برآمد ہونے والے اسلحے میں 83 پستول، 7 کلاشنکوف، 9 شاٹ گن اور رائفلیں، سینکڑوں گولیاں اور میگزین شامل ہیں۔ منشیات کے خلاف کارروائیوں میں سینکڑوں کلوگرام چرس، آئس، افیون، ہیروئن، کرسٹل اور شراب کی بوتلیں بھی قبضے میں لی گئی ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ متعدد اشتہاری اور مفرور ملزمان کو بھی گرفتار کیا گیا، کئی مغویوں کو بازیاب کرایا گیا، جبکہ چوری شدہ گاڑیاں، موٹرسائیکلیں اور دیگر سامان بھی برآمد کیا گیا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ جرائم کے خاتمے کے لیے ایسے آپریشن آئندہ بھی جاری رہیں گے۔