تازہ ترین ۳۱ اگست ۲۰۲۶

بلوچستان اسمبلی میں امن و امان کی قرارداد متفقہ منظور، سیاسی جماعتوں سے مذاکرات اور ان کیمرہ اجلاس کا مطالبہ

کوئٹہ (ویب نیوز) بلوچستان اسمبلی نے صوبے کی بگڑتی ہوئی امن و امان کی صورتحال پر عوامی نیشنل پارٹی کے پارلیمانی لیڈر کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کرتے ہوئے دہشت گردی کے خاتمے، تمام سیاسی جماعتوں اور متعلقہ فریقین سے مذاکرات، نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی اور امن و امان پر ان کیمرہ اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا ہے۔ اجلاس میں ارکان نے کہا کہ اربوں روپے خرچ ہونے کے باوجود بدامنی کا خاتمہ نہیں ہوسکا، اس لیے سیاسی مشاورت کے ذریعے پائیدار حل تلاش کیا جائے۔ اپوزیشن ارکان نے مستونگ خالی کرنے اور کھڈکوچہ کے باغات ختم کرنے کے بجائے دہشت گرد عناصر کے خلاف کارروائی پر زور دیا۔ ایوان نے نیشنل ایکشن پلان پر مؤثر عملدرآمد اور دہشت گردوں و ان کے سہولت کاروں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی سے متعلق قرارداد بھی منظور کی۔ اجلاس میں تیزاب گردی کے واقعات کی روک تھام کے لیے قانون سازی کی قرارداد سمیت مختلف مسوداتِ قانون بھی منظور کیے گئے۔