تازہ ترین ۳۰ اگست ۲۰۲۶

ایک جینیاتی تبدیلی سے کولیسٹرول کم کرنے میں اہم پیش رفت

واشنگٹن (ویب نیوز): سائنس دانوں نے کولیسٹرول کم کرنے کے لیے جینیاتی علاج کے ایک نئے طریقے میں اہم پیش رفت کا دعویٰ کیا ہے، ابتدائی تحقیق کے مطابق جینیاتی دوا کی صرف ایک خوراک سے بعض مریضوں میں خراب کولیسٹرول ایل ڈی ایل کی سطح تقریباً 50 فیصد کم ہوئی اور یہ اثر ایک سال تک برقرار رہا۔ تحقیق میں سی آر آئی ایس پی آر ٹیکنالوجی کے ذریعے اے این جی پی ٹی ایل 3 نامی جین کو نشانہ بنایا گیا، تاہم ابتدائی تحقیق میں صرف 15 افراد شامل ہونے کے باعث ماہرین نے حتمی نتائج کے لیے مزید بڑی اور طویل تحقیق کو ضروری قرار دیا ہے۔ محققین کے مطابق اس جین میں قدرتی طور پر تبدیلی رکھنے والے افراد میں کولیسٹرول اور ٹرائی گلیسرائیڈز کی سطح کم اور دل کی بیماری کا خطرہ نسبتاً کم پایا جاتا ہے۔ تجرباتی علاج میں زیادہ خوراک لینے والے چار افراد میں دو ماہ بعد ایل ڈی ایل میں تقریباً 50 فیصد اور ٹرائی گلیسرائیڈز میں 55 فیصد کمی ہوئی، جبکہ ایک سال بعد بھی کمی برقرار رہی۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر آئندہ بڑے طبی تجربات میں علاج محفوظ اور مؤثر ثابت ہوا تو مستقبل میں بعض مریضوں کو زندگی بھر روزانہ ادویات لینے کے بجائے ایک مرتبہ جینیاتی علاج سے کولیسٹرول کم رکھنے میں مدد مل سکتی ہے، تاہم فی الحال یہ علاج عام مریضوں کے لیے دستیاب نہیں۔