تازہ ترین ۲۹ ستمبر ۲۰۲۶

ایشین گیمز ہاکی: پاکستان اور بھارت سیمی فائنل میں مدمقابل

ناگویا(ویب نیوز) ایشین گیمز 2026 کے ہاکی ایونٹ میں پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں سیمی فائنل میں مدمقابل ہوں گی۔ پاکستان نے اپنے آخری پول بی میچ میں عمان کو 2 کے مقابلے میں 7 گول سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔ پاکستان کی جانب سے رانا وحید نے ہیٹ ٹرک، سفیان خان نے 2 جبکہ غزنفر علی اور محمد عماد نے ایک، ایک گول کیا۔ پاکستان نے پول بی میں پانچ میں سے چار میچز جیتے اور ایک میں اسے ملائیشیا کے ہاتھوں شکست ہوئی۔ دوسری جانب بھارت نے پول اے کے آخری میچ میں بنگلادیش کو 10-0 سے شکست دے کر گروپ میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان سیمی فائنل یکم اکتوبر کو کھیلا جائے گا، جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں ملائیشیا کا مقابلہ جنوبی کوریا سے ہوگا۔