تازہ ترین ۲ اکتوبر ۲۰۲۶

ایران کے خلاف نئی فوجی کارروائی کا امکان، ٹرمپ کا سخت بیان

اسلام آباد (ویب نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ جاری کشیدگی کے دوران کہا ہے کہ واشنگٹن کے سامنے معاہدے اور فوجی کارروائی، دونوں راستے موجود ہیں اور اب فیصلہ کرنا ہوگا۔ ان کا بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب امریکا اور ایران کے درمیان ثالثوں کے ذریعے سفارتی رابطے بھی جاری ہیں۔ ایران نے آبنائے ہرمز دوبارہ کھولنے اور جنگ بندی کے لیے سات روزہ منصوبہ پیش کیا تھا، تاہم ٹرمپ نے اس تجویز کو ناقابل قبول قرار دیا ہے۔امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ نے بھی کوانٹیکو میں خطاب کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ امریکی کارروائیوں سے ایران کی بحریہ، فضائیہ، فضائی دفاع، قیادت اور فوجی صنعتی صلاحیت کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ تاہم ان دعوؤں کی بعض تفصیلات کی آزادانہ تصدیق نہیں ہوسکی۔ دوسری جانب ایران اور امریکا کے درمیان ثالثوں کے ذریعے رابطے جاری ہیں، جبکہ ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز کھولنے کو جنگ بندی، پابندیوں میں نرمی اور دیگر شرائط سے جوڑا گیا ہے۔