اسلام آباد (ویب نیوز) ایران کے پاسداران انقلاب کی بحری افواج نے آبنائے ہرمز میں ایک اور امریکی بغیر پائلٹ زیرِ آب گاڑی قبضے میں لینے کا دعویٰ کیا ہے۔ ایرانی حکام کے مطابق زیرِ آب گاڑی کو ایک مربوط کارروائی کے دوران پکڑا گیا اور اسے ماہرین کے حوالے کردیا گیا ہے تاکہ اس سے معلومات حاصل کی جاسکیں۔ ابتدائی طور پر ایرانی حکام نے اسے ’ریمَس 600‘ قرار دیا، بعد ازاں اس کی شناخت ’ایم کے 18 موڈ 2 کنگ فش‘ کے طور پر بھی بیان کی گئی۔ ایران نے رواں ماہ کے آغاز میں بھی ایک امریکی زیرِ آب ڈرون قبضے میں لینے کا دعویٰ کیا تھا۔ تاہم امریکی حکام نے تازہ دعوے کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کے فعال ڈرون اثاثے بدستور اس کے کنٹرول میں ہیں، اس لیے واقعے کی آزادانہ تصدیق نہیں ہوسکی۔
