ماسکو (ویب نیوز) افغانستان سے متعلق ماسکو فارمیٹ مشاورت کا آٹھواں اجلاس روسی دارالحکومت ماسکو میں شروع ہوگیا، جس میں پاکستان، افغانستان اور خطے کے دیگر ممالک کے نمائندے علاقائی امن و سلامتی، انسداد دہشت گردی، اقتصادی تعاون اور باہمی رابطوں سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کر رہے ہیں۔ اجلاس کے افتتاحی سیشن میں روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے شرکت کی اور مختلف ممالک کے وفود سے خطاب کیا۔ پاکستان کی نمائندگی وزیراعظم کے معاون خصوصی اور افغانستان کے لیے خصوصی نمائندے سفیر محمد صادق کی قیادت میں اعلیٰ سطحی وفد کر رہا ہے۔ وفد میں روس میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی، افغانستان میں پاکستان کے سفیر عبیدالرحمان نظامانی اور دیگر اعلیٰ حکام شامل ہیں۔ اجلاس میں افغانستان کی موجودہ صورتحال، علاقائی امن و سلامتی، دہشت گردی کے خلاف تعاون، اقتصادی روابط اور علاقائی رابطہ کاری کے فروغ پر توجہ مرکوز کی جا رہی ہے۔ پاکستان نے اپنے مؤقف کا اعادہ کرتے ہوئے افغانستان میں امن و استحکام کو پورے خطے کی سلامتی اور خوشحالی کے لیے ضروری قرار دیا۔ پاکستانی حکام کے مطابق مشترکہ سکیورٹی اور اقتصادی مسائل کے حل کے لیے افغانستان کے ساتھ مسلسل رابطہ اور خطے کے ممالک کے درمیان بامقصد مذاکرات جاری رکھنا ضروری ہے۔
