کوئٹہ (ویب نیوز): منگی ڈیم پولیس اسٹیشن پر دہشتگرد حملے کے بعد پاک فوج، فرنٹیئر کور (ایف سی) اور بلوچستان پولیس کی جانب سے مشترکہ “آپریشن شعبان” بھرپور انداز میں جاری ہے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق دشوار گزار پہاڑی علاقوں میں دہشتگردوں کے خلاف زمینی اور فضائی کارروائیاں مسلسل جاری ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ 6 اور 7 جولائی کو ہونے والی کارروائیوں میں 26 دہشتگرد ہلاک کیے گئے، جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 13 دہشتگرد مارے گئے، جس کے بعد صرف آپریشن شعبان میں ہلاک ہونے والے دہشتگردوں کی تعداد 39 ہو گئی ہے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق آج صبح خضدار کے علاقے زیدی میں دہشتگردوں کی جانب سے پولیس اسٹیشن پر حملے کی کوشش بھی ناکام بنا دی گئی، جہاں کارروائی کے دوران 8 دہشتگرد ہلاک ہوئے، جبکہ ہیلی کاپٹر آپریشنز میں مزید 5 سے 6 دہشتگردوں کے مارے جانے کی اطلاعات ہیں۔ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ 5 جولائی سے جاری آپریشن شعبان اور دیگر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز (آئی بی اوز) میں مجموعی طور پر 75 دہشتگرد ہلاک کیے جا چکے ہیں اور علاقے میں کارروائیاں تاحال جاری ہیں۔ نوٹ: اس خبر میں شامل ہلاکتوں اور کارروائیوں سے متعلق اعداد و شمار سیکیورٹی ذرائع کے دعوؤں پر مبنی ہیں، جن کی آزاد ذرائع سے تاحال تصدیق نہیں ہو سکی۔
