تازہ ترین ۳۰ جون ۲۰۲۶

آواران میں امن و ترقی کے لیے عوام اور ریاستی اداروں کا تعاون ناگزیر ہے، میر سرفراز بگٹی

کوئٹہ (ویب نیوز)وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت ضلع آواران میں ایک اہم قبائلی جرگہ منعقد ہوا، جس میں گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل، کور کمانڈر بلوچستان لیفٹیننٹ جنرل راحت نسیم احمد خان، رکن صوبائی اسمبلی خیر جان بلوچ، قبائلی عمائدین، سیاسی و سماجی شخصیات، خواتین، طلبہ و طالبات اور مقامی افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ جرگے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے دہشت گردی کے خلاف عوام اور سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں پائیدار امن عوام، سول انتظامیہ اور سیکیورٹی فورسز کے باہمی تعاون سے ہی ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت آواران سمیت مکران ڈویژن میں ترقیاتی منصوبوں، بنیادی سہولیات کی فراہمی، روزگار کے مواقع اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے خصوصی اقدامات کر رہی ہے، جبکہ بی ایس ڈی آئی کے تحت جاری منصوبوں سے علاقے میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ آواران کے عوام امن پسند، باشعور اور ترقی پسند ہیں، اور امن خراب کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی۔ جرگے میں قبائلی عمائدین اور دیگر شرکا نے حکومت اور سیکیورٹی فورسز کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے امن، ترقی اور قومی یکجہتی کے لیے ریاستی اداروں کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا، جبکہ وزیراعلیٰ نے عوامی مسائل سے متعلق تجاویز سن کر متعلقہ حکام کو فوری اور مؤثر اقدامات کی ہدایات بھی جاری کیں۔