تازہ ترین ۱۹ ستمبر ۲۰۲۶

چمن کو صاف، سرسبز اور خوبصورت بنانے کے لیے 10 روزہ خصوصی مہم جاری

چمن( سید سردار محمد خوندئی )

ضلع چمن کو صاف ستھرا، سرسبز اور خوبصورت بنانے کے خواب کو حقیقت میں بدلنے کے لیے ضلعی انتظامیہ چمن کی زیر قیادت 10 روزہ خصوصی صفائی، تزئین و آرائش اور شجرکاری مہم بھرپور انداز میں جاری ہے۔

مہم کے دوران شہر بھر کی اہم شاہراہوں، گلی محلوں، بازاروں اور کھلے میدانوں سے کچرے کے ڈھیروں کا خاتمہ کیا جا رہا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ شہر کی خوبصورتی میں اضافے اور ماحول کو خوشگوار بنانے کے لیے مختلف مقامات پر تزئین و آرائش اور شجرکاری کا عمل بھی تیزی سے جاری ہے۔

اسی سلسلے میں آج اسسٹنٹ کمشنر سٹی چمن عزیزاللہ کاکڑ نے شہر کے مختلف علاقوں کا تفصیلی دورہ کیا، جاری ترقیاتی و صفائی کے کاموں کا موقع پر جائزہ لیا اور عملے کو کام کے معیار کو مزید بہتر بنانے اور تسلسل برقرار رکھنے کی ہدایات جاری کیں۔

یہ خصوصی مہم ضلعی انتظامیہ چمن، میونسپل کارپوریشن چمن اور ڈسٹرکٹ کونسل چمن کے باہمی تعاون سے چلائی جا رہی ہے۔

ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ “صاف چمن، سرسبز چمن” صرف ایک نعرہ نہیں بلکہ ایک عزم ہے، جس کی تکمیل کے لیے اداروں کے ساتھ ساتھ معزز شہریوں کا تعاون بھی ناگزیر ہے۔

آئیے! اپنے چمن کو مل جل کر صاف، سرسبز اور خوبصورت بنائیں۔