چاغی( سید سردار محمد خوندئی )
چاغی ۔چاغی میں سیکیورٹی کا ایک تشویشناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں چاغی پولیس اسٹیشن کے قائم مقام ایس ایچ او اسسٹنٹ سب انسپکٹر گل شاہ کو نامعلوم مسلح افراد نے اغوا کر لیا ہے۔
مقامی حکام کے مطابق یہ واقعہ چاغی بازار کے بس اسٹینڈ پر پیش آیا۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ چار مسلح افراد خاکی رنگ کی ٹویوٹا لینڈ کروزر میں بس ٹرمینل پر آئے۔ اس وقت اے ایس آئی گل شاہ اکیلے موجود تھے جنہیں مسلح افراد نے زبردستی گاڑی میں بٹھا کر نامعلوم مقام کی طرف فرار ہو گئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور ملزمان کی گرفتاری اور مغوی افسر کی بحفاظت بازیابی کے لیے بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اغوا کی اس واردات کی تفتیش ہر پہلو سے جاری ہے اور اس حوالے سے مزید معلومات سامنے آنے پر میڈیا کو آگاہ کیا جائے گا۔
