کوئٹہ(ویب نیوز) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی اور کسی کو وفاقی دارالحکومت میں بدامنی پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ پرامن احتجاج ہر سیاسی جماعت کا حق ہے، تاہم سڑکیں بند کرنے یا جتھوں کی صورت میں اسلام آباد آنے کی اجازت نہیں ہوگی، عدالتی احکامات کی خلاف ورزی پر قانونی کارروائی کی جائے گی۔ محسن نقوی کے مطابق تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کو واضح ہدایات جاری کردی گئی ہیں اور سیکیورٹی انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔ انہوں نے سیاسی قیادت سے اپیل کی کہ احتجاج اپنے علاقوں اور شہروں تک محدود رکھا جائے اور موجودہ صورتحال میں دہشت گردی کے خلاف جنگ کو ترجیح دی جائے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ حکومت مذاکرات کے لیے تیار ہے اور وزیراعظم بھی متعدد بار بات چیت کی پیشکش کرچکے ہیں۔
