کوئٹہ(ویب نیوز) اپوزیشن اتحاد تحریک تحفظ آئین پاکستان نے 27 ستمبر کو پرامن، آئینی اور جمہوری لانگ مارچ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوامی قوت کے ذریعے حقِ حکمرانی واپس لینے کی جدوجہد کی جائے گی۔ محمود خان اچکزئی کی زیرصدارت اجلاس میں سیاسی و معاشی بحران کے خاتمے کے لیے آل پارٹیز کانفرنس بلانے اور دیگر سیاسی جماعتوں سے رابطوں کے لیے کمیٹیاں تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ اعلامیے میں بلوچستان اور خیبر پختونخوا کی امن و امان کی صورتحال، مجوزہ 28ویں آئینی ترمیم، نئے صوبوں کے قیام، بارڈر تجارت کی بحالی اور قدرتی وسائل سے متعلق فیصلوں میں صوبوں و مقامی آبادی کو اعتماد میں لینے پر بھی غور کیا گیا۔ اپوزیشن اتحاد نے مہنگائی، بے روزگاری، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اور امن و امان کو 27 ستمبر کے احتجاج کے اہم نکات قرار دیا، جبکہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات، ان کی صحت سے متعلق معلومات کی فراہمی اور ایمان مزاری و ان کے شوہر کی دوبارہ گرفتاری پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔
