مقامی ۱۸ ستمبر ۲۰۲۶

کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں نماز جمعہ اور امام بارگاہوں پر سیکیورٹی سخت

کوئٹہ(ویب نیوز) کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں نماز جمعہ کے موقع پر کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کیلئے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے۔ کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں مساجد اور امام بارگاہوں کے اندر اور باہر فورسز تعینات کی گئیں، نمازیوں کی تلاشی لی گئی اور مشکوک افراد پر کڑی نظر رکھی گئی۔ بازاروں کے اہم چوکوں، حساس مقامات اور کوئٹہ میں داخل ہونے والی گاڑیوں کی چیکنگ بھی سخت کردی گئی۔ نماز جمعہ کے اجتماعات میں علماء کرام نے ملک کے استحکام، دہشتگردی کے خاتمے اور امت مسلمہ کی کامیابی کیلئے خصوصی دعائیں کیں۔ خطبات میں عوام پر زور دیا گیا کہ باہمی اختلافات ختم کرکے ملک کو کمزور کرنے والی قوتوں کے خلاف متحد ہوں۔ علماء کرام نے کہا کہ اسلام انسانیت کا درس دیتا ہے اور اسلام کے نام پر دہشتگردی کرنے والوں کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے استحکام اور کامیابی کیلئے ہر شہری کو ذاتی مفادات کے ساتھ ملکی مفادات کا بھی خیال رکھنا چاہیے۔