کوئٹہ(ویب نیوز) بلوچستان کے علاقے ہرنائی کے شاہرگ میں پی ایم ڈی سی کول مائن 151 میں گیس دھماکے کے نتیجے میں 4 کانکن جاں بحق جبکہ 5 شدید زخمی ہوگئے۔ ذرائع کے مطابق حادثے کے وقت کان میں 9 کانکن موجود تھے۔ امدادی کارروائی کے دوران 4 کانکنوں کی لاشیں نکال لی گئیں جبکہ زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد شاہرگ اسپتال سے کوئٹہ ریفر کردیا گیا۔ ذرائع کے مطابق جاں بحق کانکنوں کا تعلق سوات سے تھا اور ضروری کارروائی کے بعد لاشیں ورثا کے حوالے کردی گئیں۔ حادثے کے بعد علاقے میں سوگ کی فضا ہے۔
