کوئٹہ(ویب نیوز) جمعیت علماء اسلام کے مرکزی رہنما و خطیب جامعہ محمدی کوئٹہ مولانا عبدالرحمن رفیق، جامع مسجد کوئٹہ کے خطیب مولانا انوار الحق حقانی، جمعیت نظریاتی کے قاری مہر اللہ اور شیعہ علماء کونسل کے مرکزی رکن علامہ ہاشم موسوی نے جمعہ کے خطبات میں مکہ مکرمہ کی حرمت کے حوالے سے پیدا ہونے والی صورتحال اور پشاور میں مسجد کے اندر ہونے والے دھماکے پر گہری تشویش اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مقدس مقامات کی حرمت اور مساجد کا تحفظ ہر مسلمان کے ایمان کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ مکہ مکرمہ، مسجد نبویؐ اور دیگر مقدس مقامات کا امن پوری امت مسلمہ کیلئے انتہائی اہمیت رکھتا ہے اور ان مقامات کی حرمت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا۔ علماء کرام نے پشاور کی مسجد میں دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عبادت گاہوں میں نمازیوں اور بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنانا انتہائی افسوسناک ہے، ایسے واقعات سے قیمتی انسانی جانیں ضائع ہونے کے ساتھ معاشرے میں خوف و اضطراب بھی پیدا ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مساجد اللہ کے گھر اور مسلمانوں کیلئے عبادت و امن کے مراکز ہیں، ان کی حرمت پامال کرنا کسی صورت قابل قبول نہیں۔ علماء کرام نے شہداء کے لواحقین سے تعزیت، زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا اور مطالبہ کیا کہ واقعے میں ملوث عناصر کو قانون کے مطابق گرفتار کرکے انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مکہ مکرمہ اور دیگر مقدس مقامات کے تحفظ کیلئے پوری امت مسلمہ متحد ہے اور سعودی عرب کی سلامتی و استحکام کے ساتھ مسلمانوں کے جذبات وابستہ ہیں۔ موجودہ حالات میں امت مسلمہ کو اتحاد، صبر، حکمت اور پرامن جدوجہد کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دہشتگردی کے خاتمے اور مساجد سمیت تمام عبادت گاہوں کے تحفظ کیلئے ریاستی اداروں، علماء کرام اور عوام کو مل کر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، جبکہ پشاور کا واقعہ پوری قوم کیلئے باعث تشویش ہے اور ایسے واقعات کے تدارک کیلئے مؤثر اقدامات ناگزیر ہیں۔
