کوئٹہ(ویب نیوز) کوئٹہ شہر میں پٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے باعث عوام پہلے ہی مشکلات کا شکار ہیں، جبکہ دوسری جانب ایران سے آنے والے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بھی روزانہ کی بنیاد پر اضافے کی اطلاعات ہیں۔ شہریوں کے مطابق کوئٹہ کی تقریباً تمام اہم شاہراہوں اور گلیوں میں ایرانی پٹرول کی فروخت عام ہے اور وافر مقدار میں دستیابی کے باوجود اس کے نرخ مسلسل بڑھائے جارہے ہیں، جس سے غریب اور متوسط طبقے کی مشکلات میں اضافہ ہورہا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے انتظامیہ کو ایرانی پٹرول کی قیمت مقررہ حد سے تجاوز نہ کرنے کی ہدایات دی تھیں، تاہم اس کے باوجود قیمتوں میں اضافے کی شکایات سامنے آرہی ہیں۔ شہریوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور ڈپٹی کمشنر کوئٹہ سے مطالبہ کیا ہے کہ ایرانی پٹرول کی قیمتوں میں روزانہ اضافے کا فوری نوٹس لیا جائے، مارکیٹ کی مؤثر نگرانی کی جائے اور مقررہ نرخوں پر عملدرآمد یقینی بناکر عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے۔
