کوئٹہ(ویب نیوز) چین نے امریکا اور ایران پر زور دیا ہے کہ کشیدگی ختم کرکے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت مذاکراتی عمل جلد دوبارہ شروع کیا جائے اور آبنائے ہرمز کھولنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔ بیجنگ میں چینی وزیر خارجہ وانگ یی نے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے ملاقات میں کہا کہ چین علاقائی کشیدگی کو یمن اور بحیرۂ احمر تک پھیلتا نہیں دیکھنا چاہتا۔ انہوں نے خلیجی ممالک کے درمیان رابطوں اور ایک دوسرے کی علاقائی خودمختاری و قومی سلامتی کے احترام کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ چین موجودہ سیکیورٹی ڈھانچے میں علاقائی ممالک کی جانب سے تبدیلی کی کوششوں کی حمایت کرے گا۔ وانگ یی نے کہا کہ چین ایران کے جائز حقوق و مفادات کے تحفظ کے لیے بات چیت اور تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے تیار ہے۔
