پاکستان ۱۷ ستمبر ۲۰۲۶

سینیٹ کمیٹی کا گندم و چاول کی پیداوار بڑھانے اور تمباکو کاشتکاروں کے تحفظ کے لیے اقدامات پر زور

اسلام آباد(ویب نیوز) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق نے گندم اور چاول کی پیداوار میں اضافے کے لیے معیاری بیج، مناسب کھاد، جدید زرعی مشینری اور کسانوں کو بہتر مالی سہولیات فراہم کرنے پر زور دیا۔ وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے پیداوار میں کمی کی وجوہات میں غیر معیاری بیج، کھاد کی کمی اور موسمیاتی تبدیلی کو اہم قرار دیا۔ کمیٹی نے سفارش کی کہ تمباکو کو محض کموڈیٹی کے بجائے فصل قرار دے کر کاشتکاروں کے مفادات کے تحفظ کے لیے پالیسی بنائی جائے اور اس مقصد کے لیے ذیلی کمیٹی قائم کردی۔ اجلاس میں بغیر مطلوبہ لائسنس وی آر آئی ویکسین کی فروخت و استعمال پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا۔ کمیٹی کو بتایا گیا کہ پاکستان میں زیتون کی پیداوار میں پیش رفت ہوئی ہے اور بلوچستان زیتون پیدا کرنے والا سب سے بڑا صوبہ ہے۔ کمیٹی نے زیتون کی کاشت، ڈرپ آبپاشی، مقامی پودوں کی پیداوار اور برآمدات بڑھانے کے اقدامات پر بھی غور کیا جبکہ پام آئل کی درآمدات میں اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مقامی خوردنی تیل و گھی کے شعبے میں مؤثر نگرانی پر زور دیا۔