پاکستان ۱۷ ستمبر ۲۰۲۶

وفاقی حکومت کی کفایت شعاری مہم نافذ، مارکیٹیں 9 اور ریسٹورنٹس 11 بجے بند

کوئٹہ(ویب نیوز) پیٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی قیمتوں کے پیش نظر وفاقی حکومت نے تین ماہ کے لیے کفایت شعاری مہم نافذ کرتے ہوئے نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق دکانیں، مارکیٹیں اور شاپنگ مالز رات 9 بجے، شادی ہالز اور دیگر کمرشل سرگرمیاں رات 10 بجے جبکہ ہوٹل، ریسٹورنٹس اور کیفے رات 11 بجے بند ہوں گے۔ ٹیک اوے اور ہوم ڈیلیوری سروسز مستثنیٰ ہوں گی، جبکہ فارمیسی، اسپتال، کلینکس، لیبارٹریز، تندور، بیکریاں، دودھ و ڈیری شاپس، پیٹرول و سی این جی پمپس اور الیکٹرک وہیکل چارجنگ اسٹیشنز کو بھی استثنیٰ حاصل ہوگا۔ تین ماہ کے لیے غیر ملکی سرکاری دوروں پر پابندی، سرکاری گاڑیوں میں 50 فیصد کمی اور نئی گاڑیوں کی خریداری پر پابندی سمیت مختلف اقدامات کیے گئے ہیں۔ سرکاری اجلاس ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے کرنے، سرکاری عشائیوں اور حکومتی اخراجات پر سیمینارز و کانفرنسز پر پابندی کی ہدایت بھی کی گئی ہے، جبکہ صوبائی حکومتوں کو بھی اسی نوعیت کے کفایت شعاری اقدامات پر غور کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔