کوئٹہ(ویب نیوز) حکومت اور پیٹرولیم ڈیلرز کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے، جس کے بعد فیول ریلیف پیکیج پر عمل درآمد شروع کردیا گیا۔ پیٹرول پمپس ڈیلرز ایسوسی ایشن کے مطابق راولپنڈی میں آل پاکستان پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن کے ساتھ مذاکرات میں ڈیلرز کے تحفظات دور کر دیے گئے ہیں۔ ایسوسی ایشن کے وائس چیئرمین نعمان بٹ نے کہا کہ اعتراض سبسڈی اسکیم پر نہیں بلکہ رقم کی ادائیگی کے طریقہ کار پر تھا۔ حکومت نے یقین دہانی کرائی ہے کہ سبسڈی کی رقم 24 گھنٹے میں اسٹیٹ بینک کے ذریعے واپس کردی جائے گی، جبکہ رقم اسٹیٹ بینک تک پہنچ چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقررہ مدت میں ادائیگی نہ ہونے کی صورت میں حکومت اور ایسوسی ایشن مل کر مسئلہ حل کریں گے۔
