مقامی ۱۶ ستمبر ۲۰۲۶

سینئر صحافی نصیر احمد پر مبینہ تشدد، کوئٹہ پریس کلب اور بی یو جے کی شدید مذمت

کوئٹہ (ویب نیوز) کوئٹہ پریس کلب اور بلوچستان یونین آف جرنلسٹس (بی یو جے) نے سینئر صحافی اور یو این اے کے بیورو چیف نصیر احمد پر مبینہ مسلح حملے اور تشدد کی شدید مذمت کرتے ہوئے پولیس سے ملزمان کے خلاف فوری قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ مشترکہ بیان کے مطابق باری کاکڑ نامی شخص، جو خود کو سماجی رہنما ظاہر کرتا ہے، نے گزشتہ روز صحافی نصیر احمد سمیت دیگر افراد کو ایک گھریلو تنازع کے تصفیے کے لیے اپنے پاس بلایا تھا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ نصیر احمد اپنے چار دیگر ساتھیوں کے ہمراہ معاملہ حل کرانے کے لیے وہاں پہنچے، تاہم مبینہ طور پر باری کاکڑ نے تصفیے کے لیے آنے والے افراد پر حملہ کیا اور انہیں تشدد کا نشانہ بنایا۔ صحافتی تنظیموں کے مطابق واقعے کے دوران نصیر احمد اور دیگر افراد کو سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دی گئیں۔ کوئٹہ پریس کلب اور بی یو جے نے پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے مبینہ ملزم اور دیگر ذمہ دار افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے اور صحافیوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔