کوئٹہ (ویب نیوز) تحریک انصاف کے رہنما اور سابق میئر کوئٹہ رحیم کاکڑ نے بلدیاتی اداروں کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ انہیں عوامی خدمت کے بجائے اشرافیہ کے مفادات اور مبینہ بدعنوانی کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میٹروپولیٹن کارپوریشن کے بیگرز ہوم، مٹن مارکیٹ، بلدیہ ہوٹل، بلدیہ پلازہ، سرکلر روڈ پارکنگ، بکرا منڈی، سریاب پھاٹک کی دکانوں، شہر بھر میں پارکنگ اور ٹیکس وصولی سمیت صفائی کے امور اور گاڑیوں کے استعمال سے متعلق معاملات کی تحقیقات ہونی چاہئیں۔ رحیم کاکڑ نے کہا کہ کوئٹہ شہر میں اسٹریٹ لائٹس کی خرابی، سڑکوں کی صورتحال، صفائی کے مسائل، مبینہ فراڈ ترقیاتی منصوبوں اور بلڈنگ کوڈ پر عملدرآمد سمیت مختلف معاملات میں ذمہ دار افسران اور عناصر کا احتساب کیا جائے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ سے مطالبہ کیا کہ مبینہ کرپشن میں ملوث انتظامی افسران کے خلاف کارروائی کی جائے، جبکہ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کو بھی عملی اقدامات اٹھانے چاہئیں۔ رحیم کاکڑ نے کہا کہ تحریک انصاف بلدیاتی اداروں سے متعلق معاملات کا حساب لے گی اور مبینہ بے ضابطگیوں کو سامنے لانے کے لیے آواز اٹھاتی رہے گی۔
