مقامی ۱۶ ستمبر ۲۰۲۶

خضدار میں پولیس پر فائرنگ کرنے والے دو ملزمان گرفتار، اسلحہ اور گاڑی برآمد

خضدار (ویب نیوز) ایس ایس پی خضدار دوستین دشتی کی نگرانی میں پولیس تھانہ وڈھ نے کارروائی کرتے ہوئے پولیس پارٹی پر فائرنگ کرنے والے دو مبینہ ملزمان سیف اللہ اور حفیظ الرحمن کو گرفتار کرلیا، جبکہ ان کے قبضے سے اسلحہ اور واردات میں استعمال ہونے والی گاڑی بھی برآمد کرلی گئی۔ پولیس کے مطابق ڈی ایس پی وڈھ سرکل خالد حسین، ایس ایچ او علی اکبر اور دیگر اہلکاروں نے نال وڈھ روڈ پر ایک مشکوک ہائی لکس گاڑی کو رکنے کا اشارہ کیا تو گاڑی میں موجود افراد نے مبینہ طور پر پولیس پارٹی پر فائرنگ کردی اور فرار ہونے کی کوشش کی، تاہم پولیس نے گاڑی کا تعاقب کرکے دونوں ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق ملزم سیف اللہ سے ایک کلاشنکوف بھی برآمد ہوئی، جبکہ گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید قانونی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔