کوئٹہ (ویب نیوز) کوئٹہ پولیس نے کمسن بچے علی شاہ کی بوری بند لاش ملنے کے واقعے کا معمہ حل کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے بچے کی سگی چاچی کو مبینہ قتل کے الزام میں گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق چند روز قبل تھانہ صدر میں علی شاہ کی گمشدگی کی رپورٹ درج کی گئی تھی، جس کے بعد مختلف پہلوؤں سے تحقیقات شروع کی گئیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دورانِ تفتیش انکشاف ہوا کہ بچے کی سگی چاچی نے مبینہ طور پر علی شاہ کو قتل کرنے کے بعد لاش بوری میں بند کرکے گھر میں موجود پانی کی ٹینکی میں چھپا دی تھی۔ پولیس کے مطابق لاش سے بدبو آنے کے بعد خاتون نے مبینہ طور پر بوری بند لاش گھر سے باہر پھینک دی، جس کے بعد تحقیقات کے دوران اسے گرفتار کرلیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے اور گرفتار خاتون سے پوچھ گچھ کے ذریعے قتل کے محرکات اور دیگر حقائق معلوم کیے جارہے ہیں، جبکہ حتمی ذمہ داری کا تعین تفتیش اور قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد ہوگا۔
