کوئٹہ(ویب نیوز) دفتر خارجہ نے بھارتی ناظم الامور کو طلب کرکے بھارتی بحریہ کی مبینہ اشتعال انگیزی پر شدید احتجاج ریکارڈ کرایا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ سجاد حیدر کے مطابق بھارتی بحری جہاز نے پاکستان کے خصوصی اقتصادی زون میں پاکستانی بحری جہاز کے انتہائی قریب جارحانہ نقل و حرکت کی، جس کے نتیجے میں دونوں بحری جہازوں کے درمیان ٹکر ہوئی۔ ترجمان نے کہا کہ بھارتی بحری جہاز کی یہ کارروائی بین الاقوامی قانون اور 1991ء کے دوطرفہ معاہدے کی سنگین خلاف ورزی ہے، جسے پاکستان نے سختی سے مسترد کردیا ہے۔ پاکستان نے بھارت پر زور دیا ہے کہ وہ بین الاقوامی قوانین اور دوطرفہ معاہدوں کی پابندی کرے، جبکہ نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن بھارتی وزارت خارجہ کو احتجاجی مراسلہ بھی دے گا۔ ترجمان کے مطابق پاکستان نے عالمی برادری سے بھی بھارتی پالیسی کا نوٹس لینے اور خطے کو مزید عدم استحکام سے بچانے کے لیے بھارت سے غیر ذمہ دارانہ کارروائیوں سے باز رہنے کا مطالبہ کیا ہے۔
