تازہ ترین ۱۶ ستمبر ۲۰۲۶

بھارتی بحری جہاز کی پاکستانی سمندری حدود میں اشتعال انگیز حرکات، دفتر خارجہ

کوئٹہ(ویب نیوز) ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ بھارتی بحری جہاز آئی این ایس کولکتہ نے پاکستانی سمندری حدود میں اشتعال انگیز اور غیر ذمہ دارانہ حرکات کیں۔ ترجمان کے مطابق پاک بحریہ یکم ستمبر سے پاکستانی خصوصی اقتصادی زون میں سی اسپارک 26 مشقیں کر رہی ہے، جبکہ بھارتی بحری جہاز اور ہیلی کاپٹر متعدد بار مشقوں کے علاقے میں داخل ہونے کی کوشش کرتے رہے۔ ترجمان نے بتایا کہ 15 ستمبر کو آئی این ایس کولکتہ نے خطرناک انداز میں رخ تبدیل کیا اور پی این ایس حنین سے ٹکرا گیا، جس کے نتیجے میں دونوں جہازوں کے درمیان رگڑ کا واقعہ پیش آیا، تاہم پاک بحریہ کے پیشہ ورانہ طرز عمل سے صورتحال مزید بگڑنے سے بچ گئی۔ دفتر خارجہ کے مطابق بھارتی اقدامات 1991 کے دوطرفہ معاہدے کی خلاف ورزی ہیں اور سنگین بحران پیدا کرسکتے تھے، پاکستان نے بھارت پر زور دیا ہے کہ وہ دوطرفہ معاہدوں کی پاسداری اور ذمہ دارانہ طرز عمل اختیار کرے۔