کوئٹہ(ویب نیوز) سعودی اتحادی افواج کے مطابق یمن کے حوثیوں کی جانب سے مکہ مکرمہ کی سمت بھیجے گئے ڈرون کو سعودی فضائی دفاع نے ممنوعہ فضائی حدود میں داخل ہونے سے قبل ہی تباہ کردیا۔ سعودی اتحاد نے کہا ہے کہ حرمین شریفین کی جانب کسی بھی خطرے کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور مقدس مقامات ریڈ لائن ہیں۔ اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) نے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے خطے پر حوثی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مقدس مقامات اور مساجد کی حرمت کی خلاف ورزی ناقابل قبول ہے۔ امام کعبہ شیخ ڈاکٹر عبدالرحمان السدیس نے بھی مقدس مقامات کو نشانہ بنانے کی مذمت کرتے ہوئے عوام پر زور دیا کہ افواہوں سے گریز اور معلومات صرف مستند ذرائع سے حاصل کریں۔ سعودی حکام کے مطابق اس سے قبل جزان، ابہا اور خمیس مشیط میں بھی ممکنہ حملوں کے باعث سائرن بجائے گئے تھے، جبکہ پیر کو سعودی عرب پر حوثی میزائل اور ڈرون حملوں میں 13 شہری زخمی ہوئے تھے۔
