کوئٹہ(ویب نیوز) سعودی عرب کی قیادت میں قائم عسکری اتحاد نے دعویٰ کیا ہے کہ سعودی فضائی دفاعی نظام نے مکہ مکرمہ کی جانب بڑھنے والے حوثیوں کے ایک ڈرون کو مقدس شہر کی حدود میں داخل ہونے سے قبل ہی تباہ کردیا۔ اتحادی افواج کے ترجمان ترکی المالکی کے مطابق جولائی 2017 کے بعد یہ دوسرا موقع ہے جب حوثیوں کی جانب سے مکہ مکرمہ کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ مقدس مقامات اور حجاج کرام کی سلامتی سعودی عرب کے لیے ریڈ لائن ہے اور اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، جبکہ حوثیوں کے خلاف ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔ دوسری جانب حوثی حکام نے مکہ مکرمہ کو نشانہ بنانے کے الزام کو مسترد کرتے ہوئے اسے جھوٹ قرار دیا ہے۔ اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) نے مبینہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے سعودی عرب کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔ خطے میں بڑھتی کشیدگی کے باعث امریکا نے بھی اپنے شہریوں کو سعودی عرب کا سفر کرنے سے قبل خطرات پر غور کرنے کی ہدایت کی ہے۔
