تازہ ترین ۱۵ ستمبر ۲۰۲۶

گورنر بلوچستان کی مختلف وفود سے ملاقات

کوئٹہ(ویب نیوز) گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے کہا ہے کہ سیاسی قیادت کی اصل عظمت اقتدار میں نہیں بلکہ عوام کے اعتماد اور خدمت میں پوشیدہ ہے، میری چالیس سالہ سیاسی زندگی کا محور ہمیشہ عوامی خدمت رہا ہے اور سیاست کو ذاتی مفاد یا اقتدار کے حصول کے بجائے انسانی زندگی بہتر بنانے، نئی نسل کو مواقع فراہم کرنے اور معاشرے کی تعمیر کا ذریعہ سمجھا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس کوئٹہ میں مختلف وفود سے ملاقات کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ میرے لیے باعث اطمینان ہے کہ سیاسی زندگی میں تعلیم، صحت اور عوامی فلاح و بہبود کے شعبوں میں متعدد تاریخی منصوبے پایۂ تکمیل تک پہنچے جن سے آج مختلف اضلاع کے لاکھوں افراد مستفید ہو رہے ہیں، کسی منصوبے کی اصل کامیابی اس کی عمارت نہیں بلکہ اس سے حاصل ہونے والے انسانی فوائد ہیں اور میری خواہش ہے کہ ان تناور درختوں کا سایہ اور ثمرات آنے والی نسلوں تک پہنچتے رہیں۔ گورنر بلوچستان نے کہا کہ تعلیم ان کی سب سے بڑی ترجیح اور سیاسی وژن کا بنیادی ستون ہے، سڑکیں، عمارتیں اور پل معاشرے کو سہولت فراہم کرتے ہیں لیکن تعلیم انسان کو اپنی تقدیر بدلنے کی طاقت دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی زندگی میں قائم کیے گئے درجنوں تعلیمی ادارے آج تناور درخت بن چکے ہیں اور ان سے فارغ ہونے والے ہزاروں طلبہ و طالبات ملک و قوم کی تعمیر و ترقی میں کردار ادا کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک سکول کی بنیاد دراصل ایک نسل کی بنیاد ہوتی ہے، ایک کالج کی تعمیر مستقبل کے ہزاروں خوابوں کی تعمیر اور ایک یونیورسٹی پوری نسلوں کے فکری مستقبل کو بدل سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تیزی سے بدلتی معاشی و سیاسی صورتحال کے پیش نظر انسانی صلاحیتوں کی تعمیر ناگزیر ہے اور ہمیں ایسے ذہن تیار کرنا ہوں گے جو بلوچستان کو علمی ترقی اور جدید معیشت کی طرف لے جا سکیں۔