تازہ ترین ۱۵ ستمبر ۲۰۲۶

افغان میڈیکل طلبہ سے متعلق آئینی درخواست مسترد، غیر ملکی طلبہ کو پاکستان میں تعلیم جاری رکھنے کا مستقل حق حاصل نہیں، بلوچستان ہائیکورٹ

کوئٹہ (ویب نیوز) بلوچستان ہائیکورٹ کے جسٹس محمد عامر نواز رانا اور جسٹس عبدالقیم لہڑی پر مشتمل بنچ نے پاکستان میں افغان شہریوں کی میڈیکل و ڈینٹل تعلیم اور پوسٹ گریجویٹ تربیت جاری رکھنے سے متعلق آئینی درخواست نمبر 1334 آف 2026 مسترد کردی۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں قرار دیا کہ غیر ملکی شہریوں کو پاکستان میں قیام، تعلیم یا تربیت جاری رکھنے کا ایسا ناقابل تنسیخ حق حاصل نہیں جو ریاستی پالیسی کے خلاف ہو، جبکہ عدالت نے پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کی جانب سے افغان شہریوں کے میڈیکل اداروں میں داخلے، منتقلی اور سہولت کاری سے متعلق جاری ہدایات میں مداخلت سے بھی انکار کردیا۔ فیصلے میں کہا گیا کہ امیگریشن، غیر ملکی شہریوں کی واپسی، قیام اور قومی سلامتی سے متعلق معاملات بنیادی طور پر انتظامیہ کے دائرہ اختیار میں آتے ہیں، اس لیے ایسے معاملات میں عدالتی مداخلت محدود دائرے تک ہوسکتی ہے۔ بلوچستان ہائیکورٹ نے واضح کیا کہ افغان شہریوں سمیت تمام غیر ملکیوں کے ساتھ انسانی وقار، انصاف اور قانون کے مطابق سلوک کیا جانا ضروری ہے، تاہم یہ تحفظات پاکستان میں قیام یا تعلیم و تربیت جاری رکھنے کا غیر محدود یا مستقل حق پیدا نہیں کرتے۔ عدالت نے آئینی درخواست ابتدائی مرحلے ہی میں خارج کرتے ہوئے متاثرہ افراد کو اپنی شکایات کے ازالے کے لیے افغانستان کے سفارتخانے سے رجوع کرنے کی ہدایت کی۔