کوئٹہ(ویب نیوز) منگی ڈیم پمپنگ اسٹیشن، ضلع زیارت میں ہونے والے دہشت گردی کے حملے کی تحقیقات کے لیے قائم تحقیقاتی کمیشن کے سربراہ جسٹس محمد عامر نواز رانا نے 14 ستمبر 2026 کو کھلی عدالت میں کارروائی آگے بڑھائی۔ سماعت کے دوران علاقے کے لوگوں کی بڑی تعداد پیش ہوئی، جن کی معاونت وکلا کی ٹیم نے کی، جن میں شمس الرحمن کاکڑ، عابد پانیزئی، عبدالمصور، مسعود احمد دوتانی، شیردل مینگل اور حبیب اللہ خان ناصر ایڈووکیٹس شامل تھے۔ تحقیقاتی کمیشن کے 9 ستمبر کے حکم کی تعمیل میں انسپکٹر جنرل فرنٹیئر کور نارتھ کی جانب سے مفصل رپورٹ بھی جمع کرادی گئی، جس میں ایف سی کا مؤقف بیان کیا گیا ہے۔ کمیشن نے گواہوں کی شہادتیں قلم بند کرنے کے لیے کارروائی آئندہ سماعت تک ملتوی کردی۔
