کوئٹہ (ویب نیوز)مستونگ کے سیاسی و سماجی رہنما چیف نادر سمالانی نے ڈپٹی کمشنر اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پر تنقید کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ بی ایس ڈی آئی فنڈز کی تقسیم میں مبینہ طور پر من پسند افراد اور مخصوص اسکیموں کو ترجیح دی گئی، جبکہ عوامی ضرورت کے اہم منصوبوں کو نظرانداز کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مستونگ میں سڑکوں، واٹر سپلائی، تعلیم اور صحت کے منصوبوں کو فوری توجہ درکار ہے، تاہم مستونگ روڈ، واٹر سپلائی اسکیم، ساتھ کلیاں، دو ہائی اسکولز اور ایک بنیادی مرکز صحت سمیت اہم منصوبوں کو مبینہ طور پر نظرانداز کرنا عوام کے ساتھ ناانصافی ہے۔ چیف نادر سمالانی نے گورنر بلوچستان، چیف سیکرٹری اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ بی ایس ڈی آئی فنڈز کی تقسیم کا مکمل آڈٹ اور غیرجانبدارانہ تحقیقات کرائی جائیں، منظور شدہ اسکیموں کی تفصیلات عوام کے سامنے لائی جائیں اور بے ضابطگی ثابت ہونے کی صورت میں ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی فنڈز کسی فرد یا افسر کی ذاتی ملکیت نہیں بلکہ عوام کی امانت ہیں اور ان کے استعمال کا حساب دینا ہوگا۔
