تازہ ترین ۱۳ ستمبر ۲۰۲۶

جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں، بلوچستان کے نوجوان بندوق کے بجائے قلم اپنائیں، میر ضیاء لانگو

کوئٹہ(ویب نیوز) صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا ہے کہ تشدد کے بجائے قلم، تباہی کے بجائے ترقی اور نفرت کے بجائے امن کا راستہ اختیار کرنا ہوگا۔ حکومت نے کبھی مذاکرات سے انکار نہیں کیا، تاہم بندوق کے زور پر مذاکرات کسی صورت نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں مذاکرات کے بجائے بلوچستان اور پاکستان کی ترقی، امن، خوشحالی اور عوام کے بہتر مستقبل پر توجہ مرکوز کرنا ہوگی۔ دہشت گردی، تشدد اور نفرت کو مسترد کرنا اور عوام کو تقسیم کرنے والے عناصر کے عزائم ناکام بنانا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ نوجوان قلم کو اپنا ہتھیار بنائیں، تعلیم حاصل کریں اور پارلیمانی و جمہوری جدوجہد کے ذریعے ملک و قوم کی ترقی میں کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ مذاکرات کے دروازے ان لوگوں کے لیے کھلے ہیں جو پاکستان کے آئین اور ریاستی نظام کو تسلیم کرتے ہیں، تاہم بندوق، دہشت گردی اور تشدد کے ذریعے اپنی بات منوانے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔